مظفر پور،20اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مشہور دینی درسگاہ مدرسہ اسلامیہ حسینہ ہر پور بیشی اورائی کے مہتمم مولاناقاری عزیر اخترقاسمی کے بڑے بھائی حضرت مولانا شعیب قاسمی کا کل دوپہر میں طویل علالت کے بعدانتقال ہوگیا۔اناللہ وانا الیہ راجعون۔مولانا کی عمر تقریبا 60سال تھی، مرحوم کئی سالوں سے علیل تھے۔ان کامسلسل اعلاج ہو رہا تھا مگر طبیعت تھی کہ مرض بڑھتا گیا جوں جوں دواکی۔کئی سال قبل ان پر فالج کا ایسا شدید حملہ ہوا کہ جب تک زندہ رہے صحت یاب نہیں ہوسکے اور کل انہوں نے اپنے آبائی گاؤں ہر پور بیشی میں آخری سانس لی۔اس وقت پورے علاقے میں سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے، پورا گاوں سیلاب کی زد میں ہے۔قبرستان بھی پوری طر ح سے پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ایسے میں انہیں مدرسہ حسینہ کے احاطے میں پانی سے محفوظ جگہ پر آج سپرد خاک کیا گیا۔جنازہ کی نمازمدرسہ اسلامیہ حسینہ کے مہتمم قاری عزیر اختر قاسمی نے پڑھائی۔سیلاب کی وجہ سے راستے کی دشواریوں کے باجود نماز جنازہ میں عزیز و اقارب کے ساتھ بڑی تعدامیں لوگوں نے شرکت کی۔ مولانا شعیب قاسمی کے پسماندگان میں اہلیہ،دو صاحبزادے مولاناعبدالماجد ولی اورعبدالباسط کے علاوہ ایک لڑکی ہے۔
مولانا شعیب کے سانحہ ارتحال پر خدمت خلق ٹرسٹ انڈیاکے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ایس ثاقب اور ٹرسٹ کے کارکنوں نے اظہار تعزیت کیا ہے۔تعزیتی بیان میں انہوں نے کہاکہ مولانا مرحوم بہت ہی ملنسار اور منکسرالمزاج تھے،ان کی زندگی میں بڑا توازن تھا۔ذریعہ معاش کی غرض سے ایک عرصہ تک سعودی عرب میں مقیم رہنے کے باوجوددنیاوی چمک دمک سے کوسوں دور رہے۔وطن واپس آنے کے بعد بہت کم دنوں صحت یاب رہے، مختلف امراض نے انہیں گھرے رکھا۔وقتا فوقتا ان کی بیماری کی اطلاع ملتی رہتی تھی اور کل انہوں نے آخری سانس لی اور اپنے رب حقیقی سے جاملے۔اللہ تبارک و تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور مولا ناقاری عزیر اخترقاسمی،جناب بھائی خورشید اور مولانا عبدالماجدولی صاحب اور دیگر پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین